سوات:شہید صحافی جاوید اللہ خان کی برسی کی تقریب ، پی ایف یو جے ورکرز کی خصوصی شرکت


سوات ,شہید صحافی جاوید اللہ خان کی پہلی برسی سوات پریس کلب میں منائی گئی۔ گذشتہ روز سوات پریس کلب میں روزنامہ اوصاف کے بیوروچیف شہید صحافی جاوید اللہ خان کی پہلی برسی انتہائی ادب اور عقیدت سے منائی گئی۔
اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی پی ایف یوجے کے صدر پرویز شوکت تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہید جاویداللہ خان کے بھائی حمید اللہ خان، سوا ت پریس کلب کے چیئرمین محبوب علی، چیف آرگنائزر غلام فاروق سپین دادا،سینئر صحافی اور اے آر وائی نیوز کے بیوروچیف ضیاء الحق، پی ایف یوجے کے مرکزی سینئر نائب صدر شمیم شاہد، یونین آف جرنلسٹس کے صدر فضل رحیم خان، سوات الیکٹرانک میڈیا ایسو سی ایشن کے صدر شہزاد عالم اور دیگر نے خطاب کیا،
پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت نے خطاب کرتے ہوئے جاوید اللہ خان شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سوات سمیت پورے ملک کے صحافیوں نے ملکی بقاء کی جنگ لڑی ہے اور آج سوات پریس کلب میں امن و امان ان شہداء کی قربانیوں کی بدولت قائم ہوا ہے۔ جسکو تاریخ میں سنہرے الفاظ سے یاد رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ شہید صحافی اور ان کے خاندان ہمارا سرمایہ ہے ہمارا فخر ہے لیکن افسوس حکمرانوں کی طرف سے ہمارے شہیدوں کو بھولایا گیا ہے اور ان کے خاندانوں کی کوئی خاطر خواہ مدد نہ ہونے سے انکے خاندان کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، لہٰذا حکومت کو شہداء کے خاندانوں کو شہداء پیکج میں شامل کرنا چاہئیں تاکہ ملکی بقاء کی جنگ میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ اس موقع پر مالاکنڈ ڈویژن کے صحافیوں کیلئے شہید جاوید اللہ خان کے بڑے بھائی حمید اللہ خان نے جاوید اللہ خان شہید فنڈکے قیام کا اعلان کیا اور اس میں اپنی طرف سے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔